نئی دہلی،15/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں رام مندر پر سیاست مسلسل جاری ہے۔اب اس سیاست میں نیا نام سماجوادی پارٹی کے بکل نواب کاجڑگیا ہے، بکل نواب نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے 15کروڑ روپے دیں گے۔بکل نواب نے لکھنؤ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی زمین کا معاوضہ ملے گا، تو وہ اس میں سے 15کروڑ روپے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے چندہ دیں گے۔
نواب نے ایودھیا میں رام مندر بنانے کی وکالت بھی کی ہے۔نواب نے کہاکہ بھگوان رام کا مندر ہر حال میں ایودھیا میں بننا چاہیے، بھگوان رام ایودھیا میں پیدا ہوئے تھے، ایسے میں ان کا مندر ایودھیا میں ہی بننا چاہیے، میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ بھگوان رام کا مندر بننے کے بعد انہیں تاج پہنائیں گے۔اس کے ساتھ ہی 10لاکھ روپے بھی دیں گے،یہ 10لاکھ روپے اور تاج 15کروڑ روپے سے الگ ہو گا۔بکل کے مطابق،ابھی انہیں حکومت سے زمین کے تقریبا 30کروڑ روپے کا معاوضہ ملنا ہے، اس زمین کا استعمال حکومت نے گومتی ریورفرنٹ بنانے میں کیا ہے، ابھی تک حکومت نے زمین کا معاوضہ نہیں دیا ہے، جیسے ہی حکومت سے زمین کا معاوضہ ملے گا وہ 50فیصد رقم مندر کی تعمیر کے لیے چندہ دیں گے۔